کاروار، 19 / نومبر (ایس او نیوز) جنگلاتی زمینوں پر بسنے والے افراد کے حقوق کے لئے جد و جہد کر رہی 'ہوراٹا سمیتی' کے صدر رویندرا نائک نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ 21 نومبر کو جنگل واسیوں کی طرف سے اپنے مطالبات منوانے کے لئے 'بینگلورو چلو' احتجاجی مظاہرہ ہوگا ۔
بینگلورو کے فریڈم پارک میں منعقد ہونے والے اس مظاہرے میں چھ اہم مطالبات حکومت کے سامنے رکھے جائیں گے جس میں کستوری رنگن کمیٹی کی رپورٹ کو پوری طرح مسترد کرنا، وزارت قبائلی معاملات نئی دہلی اور گجرات عدالتوں کے فیصلے کے تحت نسلی تسلسل سے متعلق تین دستاویزات مہیا کروانے پر زور نہ دینا جیسے معاملے شامل ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ریاست میں 27 اپریل 1978 سے قبل والے جن جنگلات کو منظوری دی ہے وہاں پر جنگل واسیوں کو ان کے حقوق کے دستاویزات جلد ہی فراہم کرنا، نامکمل جی پی ایس سروے کے خلاف کی گئی اپیل کو منظوری دینا، کرناٹکا کے بشمول اتر کنڑا مختلف اضلاع میں جنگلاتی حقوق قانون کے تحت درخواست دینے سے محروم رہنے والے خاندانوں کو دوبارہ عرضیاں داخل کرنے کا موقع فراہم کرنا، جنگل واسیوں کو غیر قانونی طور پر ہٹانے کی کارروائیاں بند کرنا جیسے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کیے جائیں گے ۔
انہوں نے بتایا کہ اس بینگلورو چلو پروگرام میں ریاست کے 16 اضلاع سے تقریباً دس ہزار افراد شامل ہونے کی توقع کی جا رہی ہے ۔ اس کے علاوہ 'کستوری رنگن کمیٹی' رپورٹ کو مسترد کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایک لاکھ خاندانوں کی طرف سے اعتراضات والی اپیل مرکزی حکومت کو بھیجنے کی مہم چلائی جا رہی ہے ۔
ادھر بھٹکل میں منعقدہ ایک میٹنگ کے دوران ہوراٹا سمیتی کے ضلع کنوینر دیوراج گونڈا نے اپیل کرتے ہوئے کہا بھٹکل سمیت ضلع کے مختلف مقامات سے بڑی تعداد میں جنگل واسیوں کو ریاستی سطح پر منعقد ہونے والے 'بینگلورو چلو' پروگرام میں حصہ لینا چاہیے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کستوری رنگن کمیٹی کی رپورٹ منظور ہوتی ہے تو جنگل واسیوں پر اس کے منفی اثرات ہونگے ، اس لئے اس رپورٹ کو مسترد کرنے کا مطالبہ بہت ہی اہم اور خوش آئند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ بینگلورو چلو پروگرام میں بھٹکل ودھان سبھا حلقے سے دو ہزار سے زائد جنگل واسیوں کی شرکت متوقع ہے ۔